امریکا نے چین اور پاکستان کی کمپنیوں کو ایکسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرلیا

واشنگٹن: امریکا نے اپنے مفادات کے خلاف سمجھی جانے والی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا بہانہ بناکر پاکستان اور چین کی کئی کمپنیوں کو ایکسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرلیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جوبائیڈن انتظامیہ نے 43 بین الاقوامی کمپنیوں کو ایکسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا ہے جن میں پاکستان اور چین کی کمپنیاں بھی شامل ہیں۔

فہرست میں کینیا، لاؤس، متحدہ عرب امارات، جنوبی افریقا اور برطانیہ کی کمپنیاں بھی شامل ہیں۔ جن کمپنیوں پر پابندی لگائی گئی ہے ان میں فرنٹیئر سروسز گروپ لمیٹڈ، ایک سیکیورٹی اور ایک ایوی ایشن کمپنی بھی شامل ہے۔

علاوہ ازیں ٹیسٹ فلائنگ اکیڈمی آف ساؤتھ افریقا، شنگھائی سپر کمپیوٹنگ ٹیکنالوجی اور فائبر آپٹک سلوشنز کو فہرست میں شامل کیا گیا۔یہ کپنیاں امریکی برآمدات سے متعلق فوائد حاصل نہیں کرسکیں گی۔

امریکی کامرس ڈپارٹمنٹ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ کمپنیاں امریکی مفادات اور خارجہ پالیسیوں کے برخلاف کام کر رہی تھیں۔

خیال رہے کہ چین کی کمپنیوں پر یغور میں مسلم نسل کشی کا حصہ بننے پر پابندی عائد کی گئی۔