سونے کی عالمی و مقامی قیمتوں میں کمی

کراچی: عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں کمی آئی ہے۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 8ڈالر کی کمی سے 1940 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی پیر کو فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 1000روپے اور 857روپے کی کمی واقع ہوئی۔

حالیہ کمی کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر 230400روپے اور اسی طرح فی دس گرام سونے کی قیمت بھی گھٹ کر 197531روپے ہوگئی۔

اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 2750روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 2357.68روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔