Imran Khan Arrested By Rangers

عمران خان 8 دن کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

پولیس لائنز اسلام آباد میں قائم احتساب عدالت نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے گرفتار چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف القادر یونیورسٹی ٹرسٹ کیس میں احتساب عدالت میں نیب کی جانب سے 14 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی جس پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا تھا۔

محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ایڈیشنل سیشن جج نے چیئرمین تحریک انصاف کو 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دے دیا۔

احتساب عدالت نے نیب کو حکم دیا کہ عمران خان کو 17 مئی کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔

ایڈیشنل سیشن محمد بشیر نے کیس کی سماعت کی۔ اس دوران عمران خان کے وکلاء خواجہ حارث، فیصل چوہدری، علی گوہر اور علی بخاری عدالت میں پیش ہوئے۔

نیب نے عمران خان کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی، جس کے بعد عدالت نے سماعت میں وقفہ کردیا تھا۔

وقفے کے بعد سماعت
احتساب عدالت اسلام آباد میں وقفے کے بعد عدالتی کارروائی کا دوبارہ آغاز ہوا تو ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب مظفر عباسی، اسپیشل پراسیکیوٹر رافع مقصود، پراسیکیوٹر سردار ذوالقرنین اور انویسٹی گیشن آفیسر میاں عمر ندیم پیش ہوئے۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ عمران خان کو گرفتاری کے وقت وارنٹ دکھائے گئے تھے۔