وفاقی وزیر کی حادثے میں موت، واقعے کا مقدمہ ہائی لیکس کے ڈرائیور کیخلاف درج

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مولانا عبدالاشکور کی حادثے میں موت ہونے کے واقعے کا مقدمہ ہائی لیکس ڈرائیور کے خلاف درج کر لیا گیا۔

تھانہ سیکرٹریٹ پولیس نے رہنما جے یو آئی حاجی قدرت اللہ کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 117/23 درج کر لیا۔ مقدمہ ذیر دفعہ 322 279 427 ت پ کے تحت درج کیا گیا۔

وزیر مذہبی امور مولانا عبدالاشکور میرے گھر واقع مکان نمبر 575 ڈی اسٹریٹ 25 سیکٹر جی سکس ٹو میں میرے گھر افطاری پر آئے تھے اور افطاری کے بعد آٹھ بجکر 22 منٹ پر مولانا میرے گھر سے واپس پارلیمنٹ لاجز نمبر سات کے لیے روانہ ہوئے۔

مولانا اپنی سرکاری گاڑی نمبر GAK 550 کرولا گرینڈی خود چلا کر روانہ ہوئے لیکن ٹیوٹا ہائی لکس گاڑی نمبر ARY 077 نے مولانا کی گاڑی کو ٹکر ماری۔ ہائی لکس کے ڈرائیور نے غفلت، لاپرواہی اور تیز رفتاری سے مولانا کی گاڑی کو ٹکر ماری جس میں مولانا عبدالاشکور موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

واقعہ انتہائی حساس نوعیت کا ہے جس کے ہر پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیقات کی جائیں۔ حادثہ میں وزیر صاحب کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔

ایس ایچ او سیکریٹریٹ ندیم طاہر کے مطابق پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے، معاملے کی ہر زاویے سے تحقیقات کی جائیں گی۔