PTI Protest 25 May

25 مئی کے واقعات کی تحقیقات کےلیے قائم ٹربیونل کو تحلیل کردیا گیا

نگراں پنجاب حکومت نے 25 مئی کو تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے موقع پر مبینہ پولیس تشدد کے واقعات کی تحقیقات کیلئے قائم ٹربیونل کو تحلیل کر دیا۔

نگران صوبائی کابینہ نے ٹربیونل کی جانب سے کارروائیوں کی تمام سفارشات مسترد کردیں۔ نگران کابینہ نے ڈی ایس پی ناصر مشتاق اور ایس ایچ او فرقان محمود کیخلاف کارروائی کی مںظوری جبکہ باقی پولیس افسران اور اہلکاروں کو کلئیر کردیا گیا۔

دستاویزات کے مطابق 25 مئی کے واقعات پر افسران کے خلاف آرٹیکل 6کے تحت کارروائی کی ضرورت نہیں ہے۔ یاد رہے کہ تحریک انصاف کی ریلی پر تشدد، توڑ پھوڑ پر ایک رکنی انکوائری ٹربیونل تشکیل دیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ 28 ستمبر کو اس وقت کے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہیٰ کی ہدایت پر مئی کو آزادی مارچ کے دوران پیش آنے والے واقعات کی تحقیقات کے لئے ون مین ٹربیونل قائم کیا گیا تھا۔

اعلامیے کے مطابق ون مین ٹریبونل نے 25مئی کو ہونے والے واقعات کے حقائق اور وجوہات کا تعین اور اقدامات کاجائزہ لے کر ذمہ داری کا تعین کرنا تھا۔