National Assembly

قومی اسمبلی کا اِن کیمرہ اجلاس جاری

قومی اسمبلی کا اِن کیمرہ اجلاس شروع ہو گیا، جس کی اسپیکر راجہ پرویز اشرف صدارت کر رہے ہیں۔

اِن کیمرہ اجلاس کے موقع پر قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ملازمین کے علاوہ سب کو پارلیمنٹ ہاؤس سے واپس بھیج دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ارکان قومی اسمبلی، وزراء اور مشیران کے علاوہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور ڈی جی آئی ایس آئی جنرل ندیم انجم خصوصی طور پر شریک ہیں۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اِن کیمرہ اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف کی آمد پر اراکینِ پارلیمنٹ نے ڈیسک بجا کر ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں افواجِ پاکستان کے شہداء کو سلام پیش کرتا ہوں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں عسکری حکام ملک کی سیکیورٹی کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز پر بریفنگ دیں گے۔

اس حوالے سے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ قومی اسمبلی کو آج اِن کیمرہ بریفنگ دی جائے گی، ارکان چاہیں گے تو وہ سوالات بھی کر سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قطعاً کوئی ایسی بات نہیں کی جائے گی جس سے صورتِ حال خراب ہو بلکہ صورتِ حال کو بہتر بنانے کے لیے بھرپور کوشش کی جائے گی۔

اِن کیمرہ اجلاس سے قبل وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس ہوا۔

ذرائع کے مطابق وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری، جے یو آئی کے رہنما مولانا اسعد محمود، وزیرِ دفاع خواجہ آصف، وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار، سعد رفیق، قمر زمان کائرہ، محسن داوڑ، رانا تنویر حسین ، زاہد حامد، مصطفیٰ رمدے اور اٹارنی جنرل نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتِ حال، سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت پنجاب الیکشن کے معاملے پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں انتخابات کے لیے فنڈز سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم نامے پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے شرکاء کو زاہد حامد، مصطفیٰ رمدے، شاہد حامد، اٹارنی جنرل نے تفصیلی بریفنگ دی۔

قانونی ٹیم نے سپریم کورٹ کی جانب سے الیکشن کے اخراجات سے متعلق فیصلے پر بریفنگ بھی دی۔