اربوں کی منی لانڈرنگ میں ملوث ملزم گرفتار،  تانے بانے پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت سے ملنے کا انکشاف

اسلام آباد: ایف آئی اے نےانٹرنیشنل منی لانڈرنگ کرمنل نیٹ ورک سے جڑے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔ نیٹ ورک کے تانے بانے مبینہ طور چیئرمین تحریک انصاف و دیگر اعلیٰ قیادت سے ملنے کے انکشاف پر تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔

ایف آئی اے انسداد منی لانڈرنگ سیل نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ میں ملوث ملزم افتخار رسول کو گرفتار کرلیا۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے انسداد منی لانڈرنگ سیل حوالہ ہنڈی و منی لانڈرنگ کے بڑے نیٹ ورکس کے حوالے سے چھان بین میں مصروف تھا کہ تحقیقات کے دوران ملزم افتخار رسول کی سربراہی میں اربوں روپے کی منی لانڈرنگ اور حوالہ ہنڈی کا ریکارڈ سامنے آگیا۔

مزید پیش رفت کے دوران انکشاف ہوا کہ گارڈن ٹائون کے رہائشی ملزم افتخار رسول نے شریک ملزم قیصر مشتاق اور عاصم حسین کے ساتھ مل کر منی لانڈرنگ کی،ملزم چوہدری افتخار رسول نے 41 جعلی کمپنیاں بنارکھی تھیں جن کے ذریعے ملزم نے مبینہ منی لانڈرنگ کی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ نیٹ ورک میں شامل عناصر کے تانے بانے مبینہ طور عمران خان سمیت تحریک انصاف کی اعلی قیادت سے ملنے لگے جن کی روشنی میں تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین عمران خان سمیت پی ٹی آئی کی سرکردہ قیادت کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جائیں گی۔

اس حوالے سے ایف آئی اے کے افسر نے نام ِظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ منی لانڈرنگ کے بین الااقوامی نیٹ ورک میں شامل عناصر کے روابط کے حوالے سے وسیع پیمانے پر تحقیقات کی جارہی ہیں اور جس جس سے بھی روابط ثابت ہوئے انھیں شامل تفتیش کیا جائے گا۔