PTI Flag

عمران خان کی تقریر دکھانے پر کوئی پابندی نہیں لگائی،پیمرا

اسلام آباد: پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ( پیمرا ) کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان کی تقریر دکھانے پر کوئی پابندی نہیں لگائی۔

سینٹ کی مجلس قائمہ اطلاعات و نشریات کا اجلاس چئیرمین کمیٹی سینٹر فیصل جاوید کی سربراہی میں پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں ہوا۔چئیرمن پیمرا سلیم بیگ نے اجلاس میں کہا کہ عمران خان کی تقریر دکھانے یا نہ دکھانے کا فیصلہ چینلز خود کرتے ہیں۔ عمران خان کی تقریر دکھانے پر کوئی پابندی نہیں لگائی۔

سینیٹر فیصل جاوید نے مطالبہ کیا کہ یقین دہانی کرائیں عمران خان کی تقریر تمام چینلز پر نشر ہوگی جس پر چئیرمین پیمرا کا کہنا تھا کہ پیمرا کسی سیاسی جماعت کے سربراہ کی تقریر دکھانے کے لیے چینلز کو نہیں کہہ سکتا۔ میڈیا کی ایڈیٹوریل ججمنٹ پر ہمارا اختیار نہیں۔ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد ہوا ہے۔

وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک سال میں کوئی چینل بند ہوا نہ ہی کوئی پروگرام اور نہ ہی کسی کی ناک کی ہڈی یا پسلیاں توڑیں۔ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ سے متعلق اختیار سابقہ حکومت نے وزارت انسانی حقوق کو دے دیا تھا ہم نے حکومت سنبھالتے ہی یہ اختیار واپس وزارت اطلاعات و نشریات کو دلایا ہے۔

سینیٹرز نے میڈیا مالکان کو بلا کر سابق اور موجودہ دور میں آزادی صحافت کا موازنہ کرانے کی تجویز پیش کی۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ سابق اور موجودہ ادوار کی پوری کہانی کمیٹی میں آنا چاہیے۔

سینیٹر سید وقار مہدی کا کہنا تھا کہ ریڈیو پاکستان کے ملازمین کی بیواؤں کی پینشن 20 رمضان تک ادائیگی کا وعدہ کیا گیا تھا جس پر ڈی جی ریڈیو طاہر حسن نے جواب دیا کہ رقم کا بندوبست ہوگیا ہے پینشنرز کی بیواؤں کو کل تک رقم ادا کردی جائے گی۔