eLection Commission of Pakistan

الیکشن کمیشن نے انتخابی تاریخ کے اعلان اور پول ڈے آگے بڑھانے کا اختیار مانگ لیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے انتخابی تاریخ کے اعلان اور پول ڈے آگے بڑھانے کا اختیار مانگ لیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کو لکھے گئے خط میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے الیکشنز ایکٹ کی سیکشن 57 ایک اور 58 میں ترمیم کی تجویز دے دی۔

چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں یہ ترامیم ضروری ہیں، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے حوالے سے تنازعہ سامنے آیا۔ عدالت کے یکم مارچ اور 4 اپریل کے فیصلوں سے تنازعات نے جنم لیا۔

خط کے متن کے مطابق شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، اسمبلی تحلیل کی صورت میں آئین کے تحت صدر کا الیکشن کی تاریخ دینے کا کوئی اختیار نہیں، مجوزہ ترمیم کے تحت عام انتخابات کیلئے الیکشن کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا اختیار ہوگا۔

الیکشن شیڈول دینا اور اس میں ترمیم کرنا الیکشن کمیشن کا اختیار ہوگا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔

خط کے مطابق آئین الیکشن کمیشن کو توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی کا اختیار دیتا ہے، الیکشن کمیشن کی توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی پر بھی بار بارحکم امتناع دیا گیا، کیا ایسی صورتحال میں الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کی ذمہ داری پوری کرسکتا ہے.