کوئٹہ میں دھماکا، دو پولیس اہلکار اور بچی سمیت چار افراد جاں بحق

کوئٹہ میں ایک مصروف چوک پر پولیس کی گاڑی پر دھماکے سے دو اہل کاروں سمیت چار افراد جاں بحق ہوگئے۔

بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ شہر کےقندھاری بازارشارع اقبال پر دھماکا ہوا ہے جس میں دو پولیس اہلکار، ایک بچی اور ایک شخص جاں بحق ہوگئے، دھماکے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے، لاشوں اور زخمیوں کو امدادی ادارے نے سول اسپتال منتقل کردیا۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے 8 زخمی اسپتال لائے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس کے سبب گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا، واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

وزیراعلیٰ نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ مقدس مہینہ میں معصوم لوگوں کا خون بہانے والے انسان کہلانے کے لائق نہیں، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے زخمیوں کو علاج و معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں ںے کہا کہ شہر میں سیکیورٹی اقدامات کو مزید موثر بنایا جائے دہشت گرد عناصر اور ان کے سرپرستوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے۔