PTI Flag

قومی اسمبلی کی قرارداد پر دستخط کرنے والے 12گھنٹے میں اعلان لاتعلقی کریں، فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کی قرارداد پر دستخط کرنے والے 12گھنٹے میں اعلان لاتعلقی کریں ورنہ ان کیخلاف ریفرنس دائر کریں گے۔

لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ قومی اسمبلی کے 372 ارکان میں سے 42 ارکان نے قرارداد منظور کی، اس قرارداد پر وزیرِ اعظم، رانا تنویر اور خواجہ آصف نے کیوں دستخط نہیں کیے۔

انہوں نے کہا کہ جس جس نے قرارداد پر دستخط کیے ہم نے اگلے 48 گھنٹے میں ان پر ریفرنس کرنا ہے، قومی اسمبلی کی قرارداد سے 12 گھنٹے میں تعلق نہیں توڑتے تو ریفرنس داخل کریں گے، ان 42 ممبران کا کوئی مستقبل نہیں، سب نااہل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا اطہر من اللّٰہ کے ساتھ احترام کا تعلق ہے، جسٹس اطہر من اللّٰہ اور جسٹس منصور علی شاہ پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا، سپریم کورٹ کے تمام ججز ہمارے لیے قابل احترام ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس کے استعفے کا مطالبہ دوسرے معاملات سے توجہ ہٹانے کے لیے کیا گیا، موجودہ قیادت کی وجہ سے پاکستان اس حد تک پہنچا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ انتخابات سے متعلق حکمراں ساتھ بیٹھیں رولز آف گیم طے کریں، بات چیت واحد راستہ ہے جس کے ذریعے ہم الیکشن پر معاملات طے کر سکتے ہیں، عمران خان کو نا اہل کرنے کی سردھڑ کی بازی لگادی، نہ وہ نااہل ہوئے نہ ہونا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بیرون ملک پاکستانیوں کو یقین نہیں کہ معاشی سمت درست ہو گی، پاکستان سے 8 لاکھ افراد ملک چھوڑ کر بیرون ملک چلے گئے، 2 بینچ، 3 رکنی بینچ پاکستانی عوام کے مسائل نہیں، پاکستانیوں کے مسائل کا حل انتخابات ہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کو سیاسی بحران کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، جن لوگوں کو گھر میں دوسری بار کوئی پانی نہیں پوچھتا وہ وزیرِ اعلیٰ بن گئے، نگراں حکومت میں ہر کوئی پیسے دے کر لگا ہوا ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا ہے کہ ہم کس منہ سے کشمیر اور فلسطین میں ظلم کی بات کریں ہماری پولیس بھی ایسا کر رہی ہے، عمران خان نے سعودی عرب اور ایران تعلقات کی بحالی کی بات کی تھی.