Import Containers

لیٹرآف کریڈٹ کے مسائل کو حل کیا جارہا ہے، وفاقی وزیرخزانہ

اسلام آباد: وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ لیٹر آف کریڈٹ کے مسائل کو حل کیا جارہا ہے، صنعتی شعبے کے مسائل کو حل کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، حکومت،صنعتی شعبہ اوربزنس کمیونٹی مل کر ملک کو ترقی کے راستے پرگامزن کرسکتے ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اپنے خطاب میں وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف ملک کے لیے بہت محنت کررہے ہیں،ہم سب مل کر محنت کریں گے تو پاکستان ٹیک آف کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اکیلے کچھ نہیں کرسکتی، تاجر برادری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے،صنعتی شعبے کا فروغ اور مسائل کا حل ترجیح ہے۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ ن لیگ کے سابقہ دورمیں ملک تیزی سی ترقی کررہاتھا، پاکستان جی ٹونٹی ممالک کی فہرست میں شامل ہونے جارہا تھاجبکہ پی ٹی آئی دورمیں معیشت کی24ویں سے47ویں نمبرپرتنزلی ہوئی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ اب ان باتوں کو چھوڑ کر آگے بڑھنا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا ن لیگ کے گزشتہ دورمیں مہنگائی کی شرح2فیصد تھی،ملک پروان چڑھ رہا تھا پتہ نہیں کس کی نظرلگ گئی،اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی حفاظت کرنی ہے،ایٹمی دھماکے نہ کرنے کے لیے پابندیوں کی دھمکیاں دی گئیں۔

وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ ملک کو اس وقت معاشی چیلنجوں کا سامنا ہے مگر مجھے یقین ہے کہ حکومت،صنعتی شعبہ اورتاجربرادری مل کر ملک کو اقتصادی نمو اور ترقی کی راہ پر ڈال سکتے ہیں۔ہماری یہ کوشش ہے کہ خلوص نیت اورنیک نیتی سے پالیسی سازی کی جائے۔

وزیرخزانہ نے کہا کہ پاکستان میں استعداد موجود ہے اور انشاء اللہ ہم نے معیشت کو استحکام کی راہ پر گامزن کردیا ہے، 1998 کے جوہری دھماکوں کے بعد بھی ہمیں مشکل صورتحال کا سامنا تھا مگر اس وقت بھی ہم مشکل دور سے نکل آئے تھے۔

وزیرخزانہ نے کہا کہ لیٹر آف کریڈٹ کے مسائل کو حل کیا جارہا ہے اور اس میں پیش رفت ہوئی ہے۔

اسحاق نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ آئی ایف کے ساتھ امور بہتر انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، پاکستان نے تمام پیشگی اقدامات کرلیے ہیں،تاہم ہمیں اپنے پاوں پر کھڑا ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جون تک زرمبادلہ کے ذخائر کو 12 ارب ڈالر تک بڑھایا جائے۔ حسابات جاریہ کے کھاتوں اور تجارتی خسارے میں بڑی کمی ہوئی ہے۔

اسحاق ڈارنے کہا کہ میں نے کہا تھا کہ وقت پر بانڈ ادا کریں گے وہ کردیے،5مہینے میں ایک دن بھی قرضے اداکرنی میں تاخیر نہیں کی۔