Ali Ameen GundaPur

وزیر اعلیٰ کے پی کو جلسے میں سخت زبان پر معافی مانگنا ہوگی، ضلعی انتظامیہ

لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو کل ایس او پیز کے ساتھ لاہور میں جلسے کی اجازت دے دی، تاہم جلسے کے ضوابط میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو 8 ستمبر کے جلسے میں سخت زبان استعمال کرنے پر معافی مانگنا ہوگی۔

لاہور انتظامیہ نے تحریک انصاف کو کل قواعد و ضوابط کے ساتھ جلسے کی اجازت دے دی، نوٹیفکیشن کے مطابق پی ٹی آئی کو سہ پہر 3 بجے سے شام 6 بجے تک جلسہ کرنے کی اجازت ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے پی کو 8 ستمبر کے جلسہ میں سخت زبان استعمال کرنے پر معافی مانگنا ہوگی، جلسہ کی سیکیورٹی آرگنائزرز کے ذمہ ہوگی۔

بعد ازاں تحریک انصاف کے رہنماؤں نے ڈی سی آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کو ڈی سی نے جلسہ کی اجازت دے دی ہے، کل کاہنہ منڈی رنگ روڈ کے ساتھ جلسہ ہوگا۔

پی ٹی آئی رہنما اشتیاق اے خان نے کہا کہ ہم علی امین گنڈاپور کی طرف سے ذمہ داری نہیں لے سکتے کہ وہ معافی مانگیں، ہم کوشش کریں گے آئین اور قانون کے مطابق اپنا جلسہ کریں۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے کہا کہ مینار پاکستان میں جے یو آئی نے جلسہ کیا لیکن ہمیں اجازت نہیں دی گئی، ہم پُر امن جلسہ کریں گے۔