Islamabad High Court

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی گرفتاری روکنے کا تحریری حکم جاری کردیا

اسلام آباد: توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کے وارنٹ منسوخ کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرنے سے روک دیا۔

عمران خان کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں جاری سیشن کورٹ کے وارنٹ گرفتاری کے لیے دائر درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے چار صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کردیا، جس میں لکھا گیا ہے کہ عمران خان یقینی بنائیں ان کی عدالت پیشی کے دوران امن و امان کی صورتحال پیدا نا ہو، عمران خان کے لیے اسلام آباد انتظامیہ اور آئی جی سیکورٹی اقدامات اٹھائیں گے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس ایس او پیز بنائے گی، ایس او پیز کے مطابق عدالت اور عدالت کے قریب چند لوگ رہ سکیں گے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے ، عدالتی اوقات کار میں پیشی کے لیے پولیس عمران خان کو گرفتار نہیں کرے گی۔