PTI Protest in Lahore

کسی سے بھی بات کرنے کیلئے تیار ہوں، عمران خان

لاہور: پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میری جماعت قانون کی حکمرانی کے اصول پر قائم کی گئی اور ہم اپنے اس عزم و عہد پر پوری استقامت سے کاربند رہیں گے۔

اپنے ٹویٹس میں عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی، مفادات اور جمہوریت کیلئے میں کسی قربانی سے گریز نہیں کروں گا، اس ضمن میں، میں کسی سے بھی بات کرنے کیلئے تیار ہوں اور اس جانب میں ہر قدم اٹھانے کیلئے تیار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی کے حوالے سے ہمارے نوجوانوں میں موجود تڑپ ہی تو ہے جس کے لیے میں نے ہمیشہ رب العزت سے دعا کی کہ ایک روز میری قوم کو اس سے آشنا کردے، وہ قومیں جن کے نوجوان آزادی کو اپنی زندگیوں سے بالا شمار کرتے ہیں، واقعتاً کارنامے سرانجام دیتی ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ جب قانون کی حکمرانی ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کا وسیلہ بنتی ہے اور وہ خود کواحساسِ کمتری سے پاک کرلیتے ہیں تو عمومی انسانوں سے کہیں اوپر اٹھ جاتے ہیں جس کی جھلک ہمیں جنابِ اقبال کے تصوّرِ شاہین میں ملتی ہے۔