Lahore Zaman Park

لاہور میں پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں میں جھڑپیں جاری، عمران خان گھر سے باہر آگئے

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان زمان پارک میں اپنے گھر سے باہر آگئے، انہوں نے گیس ماسک لگا کر کارکنوں سے ملاقات کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان زمان پارک میں اپنے گھر سے باہر آگئے، انہوں نے گیس ماسک لگا رکھا تھا، سابق وزیراعظم نے کارکنوں سے ملاقات بھی کی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس تحریک انصاف کے چیئرمین عمران کو توشہ خانہ کیس میں تاحال گرفتار کرنے میں ناکام ہے جبکہ عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک لاہور میں حالات بدستور کشیدہ ہیں، مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی کارکنان کی پولیس سے جھڑپیں جاری ہیں، جھڑپوں میں اب تک 50 سے زائد پولیس اہلکاروں سمیت 60 افراد زخمی ہوگئے، چیئرمین پی ٹی آئی کے وارنٹ گرفتاری 16 مارچ تک معطل ہونے کا تحریری حکم جاری کردیا گیا۔

لاہور میں زمان پارک کے باہر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے، تحریک انصاف کے کارکن عمران خان کے گھر کے باہر موجود ہیں، پولیس، رینجرز اور پی ٹی آئی کے کارکن آمنے سامنے ہیں، وقفے وقفے سے شیلنگ کا سلسلہ جاری ہے، پولیس کی جانب سے واٹر کینن کا استعمال بھی کیا جارہا ہے۔

تازہ اطلاعات کے مطابق زمان پارک میں بجلی کا ٹرانسفارمر دھماکے سے پھٹ گیا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

لاہور پولیس نے فیصلہ کیا ہے کہ پی ایس ایل کے میچ تک کوئی بھی پیش قدمی نہیں کی جائے گی، پولیس کئی علاقوں میں پیچھے ہٹ گئی ہے۔ پاکستان سپر لیگ کا پہلا کوالیفائر آج شام کھیلا جائے گا۔

پنجاب حکومت نے لاہور کی کشیدہ صورتحال کے باوجود پاکستان سپر لیگ 8 کا پہلا کوالیفائر آج ہر صورت کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ میچ انعقاد میں کسی بھی رکاوٹ کو دور کرنے کیلئے سختی سے نمٹا جائے گا، عدالتی احکامات پر بھی سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔

پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاریاں بھی کی گئیں، کارکنوں کے پتھراؤ کے باعث رینجرز اہلکار بھی زخمی ہوگیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے وکلاء بھی لاہور ہائیکورٹ کے باہر احتجاج کرنے نکل پڑے، سڑک بلاک کردی، موٹر سائیکل سے پیٹرول نکال کر ٹائروں کو بھی آگ لگادی۔

وکلاء کے احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی، اس موقع پر پی ٹی آئی رہنماء فواد چوہدری بھی موجود تھے۔