PTA Workers

گلگت بلتستان و پنجاب پولیس کولڑوا کرخانہ جنگی کی سازش ہورہی ہے، وزیراطلاعات

اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان پولیس کو پنجاب پولیس اور رینجرز سے لڑوا کر خانہ جنگی کی سازش ہورہی ہے۔

وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت کا عمران خان کی گرفتاری سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اگر حکومت نے گرفتار کرنا ہوتا تو ریاستی طاقت بھی موجود تھی اوروہ اختیار بھی موجود تھا جسے عمران خان نے پچھلے 4 سال اپنے سیاسی مخالفین کو جیل میں ڈال کر استعمال کیا۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ عدالت وارنٹ جاری کرتی اور پھر ریلیف کا حکم جاری کرتی ہے۔عدالت نے ریلیف ہی دینا ہے تو پولیس والوں کے سر نہ پھٹوائے۔ عمران خان جھوٹا ہے کوئی حفاظتی ضمانت موجود نہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک بزدل، غیرملکی ایجنٹ، توشہ خانہ چور، گھڑی چور، ٹیرین کا والد اور توہین عدالت کا مجرم پولیس سے بھاگ رہا ہے۔ ایک گیدڑ نے بچوں اور عورتوں کے انسانی مورچے میں پناہ لی ہوئی ہے۔ عمران نام کے ساتھ اب خان نہ لکھے گیدڑ لکھے۔ خان بہادر ہوتے ہیں اور جھوٹ نہیں بولتے۔ بے گناہوں کو ڈھال نہیں بناتے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو معلوم ہونا چاہیے کہ عمران خان فارن فنڈنگ، ٹیرین کیس، توشہ خانہ اور زیبا جج کی توہین عدالت کے کیسز میں مطلوب ہے۔