زمان پارک کے باہر پی ٹی آئی کارکنان کی پولیس سے جھڑپیں، پولیس عمران خان کو گرفتار کرنے میں ناکام

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی کال پر ملک کے مختلف شہروں میں ان کی حمایت میں احتجاج کیا جا رہا ہے جبکہ لاہور میں زمان پارک کے باہر پولیس اور کارکنوں کےدرمیان جھڑپیں بھی جاری ہیں اور پولیس تاحال گرفتاری عمل میں نہ لاسکی۔

اسلام آباد پولیس پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو گرفتار کرنے کے لیے لاہور پہنچی لیکن ان کی رہائش گاہ زمان پارک کے باہر کارکنوں کے ساتھ جھڑپیں اور آنسو گیس کی شیلنگ جاری ہے اور پولیس نے سیکیورٹی بیریئر لگا رکھا ہے جبکہ ملک کے مختلف شہروں میں کارکنوں کی جانب سے احتجاج کیا جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’پولیس مجھے گرفتار کرنے کے لیے باہر آگئی ہے اور ان کا خیال ہے کہ عمران خان جیل میں چلا جائے گا تو قوم سوجائے گی لیکن آپ نے اس کو غلط ثابت کرنا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’آپ اپنے حقوق اور حقیقی آزادی کے لیے جدوجہد کرنی ہے اور باہر نکلنا ہے، اگر میں جیل چلا جاتا ہوں یا مار دیتے ہیں، تو آپ نے ثابت کرنا ہے کہ عمران خان کے بغیر بھی یہ قوم جدوجہد کرے گی اور بدترین غلامی اور ایک آدمی ملک کے جو فیصلے کر رہا ہے کبھی قبول نہیں کریں گے‘۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ ’چیف جسٹس پاکستان عمران خان کی گرفتاری کے معاملات پر از خود نوٹس لیں اور پولیس آپریشن روکا جائے‘۔