PTI Court

خاتون جج دھمکی کیس؛ عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے خاتون جج کو دھمکی کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

عمران خان کے خلاف خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ سول جج رانا مجاہد رحیم کی عدالت میں عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھہ پیش ہوئے۔

سول جج رانا مجاہد رحیم نے عدم حاضری پر وارنٹ جاری کیے، جج دھمکی کیس میں عمران خان مستقل عدالت پیش نہیں ہو رہے۔

عدالت نے عمران خان کی آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے مارگلہ پولیس کو 29 مارچ کو عمران خان کی حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔

سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر عمران خان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔ عدالت نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سیشن کورٹس کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اپنی ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف زیبا چوہدری کی توہین پر وارنٹ جاری کیے گئے ہیں اور حیرت کی بات یہ ہے کہ جج کے فیصلے سے پہلے واٹس ایپ گروپ کے صحافیوں نے یہ پیش گوئیاں کیں، جج کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا جا رہا ہے جہاں پہلے ہی عمران خان کی حاضری سے متعلق معاملات زیر سماعت ہیں۔

کیس کی سماعت
جج نے ریمارکس دیے کہ آج اگر عمران خان نہیں آتے تو وارنٹ جاری کر دوں گا، عدالتی اوقات کے دوران عمران خان آج نا آئے تو ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دوں گا۔

عدالت نے 12:30 تک سماعت میں وقفے کے بعد دوبارہ سماعت کی جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ عدالتی اوقات تک انتظار کر لیتے ہیں، اگر عمران خان آج پیش نہیں ہوتے تو وارنٹ جاری کریں گے۔

عدالت نے عمران خان کو آج عدالتی اوقات میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی عدم پیشی کی صورت میں وارنٹ جاری کریں گے۔