غزہ /تل ابیب : مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلیوں کو لے جانے والے قافلے پر فائرنگ کے نتیجے میں تین اسرائیلی شہری ہلاک اور8زخمی ہو گئے جن میں سے اکثر کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ حملہ فلسطینی گاﺅں الفندوق میں ہوا ہے جو علاقے سے گزرنے والی مشرقی مغربی سڑکوں میں سے ایک ہے۔ اسرائیلی ریسکیو افراد نے کہا کہ فائرنگ میں دو خواتین اور ایک مرد مارا گیا۔
اسرائیلی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ فائرنگ میں کدومیم بستی کے علاقے میں روٹ 55 پر ایک بس اور گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اپنے بیان میں کہا کہ حملے کے پیچھے ” قاتلوں تک پہنچنے“ اور “ ان کے ساتھ اوران کی مدد کرنے والے کسی کو بھی نہیں بخشا جائے گا۔
علاوہ ازیں شمالی غزہ سے اسرائیل پر 3 راکٹ فائر کیے گئے ہیں جن میںایک راکٹ اسرائیلی دفاعی نظام نے گرادیا جب کہ دو راکٹ دو عمارتوں پر جاگرے۔ راکٹ باری کے دوران سائرن بجنے سے اسرائیل میں خوف و ہراس پھیل گیا۔دریں اثناءاسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کے علاقوں میں بمباری کرکے مزید100 فلسطینیوں کو شہیدکردیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے غزہ کے علاقے خان یونس میں پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا اور رفح نصیرات اور جبالیہ کیمپوں میں مکانات پر بمباری کی۔