روشن مستقبل کا خواب۔ یورپ جانے کی کوشش میں 2ہزارافراد جان سے گئے

جنیوا:غیرقانونی طریقے سے یورپ جانے کی کوشش میں گزشتہ سال 2ہزار سے زائد افراد اپنی جان سے گئے یا لاپتا ہوگئے جن میں سینکڑوں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
اقوام متحدہ کے ادراے یونیسیف کی یورپ میں خصوصی رابطہ کار ریجینا ڈی ڈومینیچی کے مطابق گزشتہ سال کم از کم 2 ہزار 200 تارکین وطن یورپ پہنچنے کی کوشش میں بحیرہ روم کو عبور کرتے ہوئے ہلاک ا ور لاپتا ہوئے۔ ایک ہزار 700ہلاکتیں وسطی بحیرہ روم میں ہوئیں۔
رپورٹ میں کہاگیاہے کہ نئے سال کی آمد پر اٹلی کے جنوبی جزیرے لمپیڈوسا کے قریب تارکین وطن کی کشتتی الٹنے سے 20 افراد لاپتا ہوگئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے جبکہ حادثے کے شکار 7 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے جن میں ایک 8 سالہ بچہ بھی شامل تجا جس کی ماں حادثے میں ہلاک ہوگئی ۔
ریجینا ڈی ڈومینیچی نے دنیا کے تمام ممالک کی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ بڑے نقل مکانی کی بنیادی وجوہات سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات کریں اور تمام حکومتیں پناہ کے معاہدے کے ذریعے بچوں کو تحفظ دینے اور انہیں اپنے خاندانوں سے یکجا کرنے کے لیے محفوظ اور قانونی طریقوں سے کام لیں۔