MOSCOW:
روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے دہشت گردی کے واقعے پر پاکستان سے تعزیت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے پاکستانی ہم منصب آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے دہشت گردی کے واقعے پر تعزیت کا اظہار کیا۔
روسی صدر کا تعزیتی پیغام کریملن کی ویب سائٹ پر شائع کیا گیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن پر دہشت گردی کے افسوسناک واقعے اور سانحے پر تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔
ولادی میر پیوٹن نے کہا کہ واقعے کے نتیجے میں ہونے والے سانحے پر تعزیت کرتا ہوں، روس پاکستان کے ساتھ مل کر دہشت گردی کی تمام صورتوں اور مظاہر کے خلاف تعاون کرے گا۔
روسی صدر نے واقعے کو بربریت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس کی سخت مذمت کرتے ہیں، امید ہے سفاکانہ عمل مین شامل افراد کو اُن کے کیے کی سزا ضرور ملے گی۔
پیوٹن نے متاثرین کے اہل خانہ اور دوستوں سے ہمدردی اور حمایت کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلیے دعا بھی کی ہے۔