بانی پی ٹی آئی کی لیڈرشپ سے ملاقات، اسلام آباد ہائیکورٹ کا تحریری حکم نامہ

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی آج لیڈرشپ سے ملاقات سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے حکم جاری کیا۔

عدالت عالیہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ان کی فراہم کردہ لسٹ کے مطابق منگل کو ملاقات کرائی جائے، فیملی کی ملاقات اس ہفتے منگل کے بجائے جمعرات کو کرائی جائے۔

عدالت عالیہ نے مزید کہا آج سے بانی پی ٹی آئی منگل اور جمعرات کو ملاقات کرنے والوں کے نام خود دیں گے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم نامہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے لسٹ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل لیں گے۔ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ لسٹ ایڈووکیٹ جنرل اور پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل کو واٹس ایپ کریں گے۔

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف توہین عدالت درخواست پر عدالت نے تحریری حکم جاری کیا۔

عدالت عالیہ نے کہا سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے انڈر ٹیکنگ دی کہ وہ منگل کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائیں گے۔