PPPP

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب صدر یوسی 13 کے چیئرمین منتخب

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب صدر یوسی 13 کے چیئرمین منتخب، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج

سندھ کے مختلف اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی ایک بار پھر سب سے آگے نظر آرہی ہے۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب صدر یوسی 13 کے چیئرمین منتخب ہوگئے، صدر ٹاؤن کی یو سی 13 سے مرتضیٰ وہاب تین ہزار 976 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہوئے۔

غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق کراچی کے صدر ٹاؤن کی یو سی 13 سے مرتضیٰ وہاب تین ہزار 976 ووٹ حاصل کرکے جیت گئے۔ جماعت اسلامی کے نور السلام ایک ہزار 566 ووٹ حاصل کر سکے۔

کراچی میں 3 یونین کونسل کے چیئرمین/ وائس چیئرمین اور 3 جنرل کونسلرز کے ضمنی بلدیاتی انتخاب کیلئے پولنگ ہوئی۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے صدر ٹاؤن میں یوسی 13 جبکہ ڈپٹی میئر سلمان عبداللّٰہ مراد نے گڈاپ ٹاؤن کی یوسی 7 سے چیئرمین کا ضمنی الیکشن لڑا۔

ضلع ملیر، ضلع کیماڑی، ضلع جنوبی میں چیئرمین کی نشستوں پر انتخابات ہوئے جبکہ ضلع ملیر اور ضلع جنوبی میں وائس چیئرمین کی نشستوں پر بھی پولنگ ہوئی۔

کراچی کے ضلع ملیر، ضلع شرقی اور ضلع وسطی میں وارڈ ممبران کی نشستوں پر انتخابات ہوئے، ضلع جنوبی صدر ٹاؤن یوسی 13 سے چیئرمین کی نشست کے لیے 7 امیدوار مد مقابل تھے۔

121 پولنگ اسٹیشن میں سے 42 کو انتہائی حساس اور 79 کو حساس قرار دیا گیا تھا۔ ضلع ملیر میں 46، ضلع شرقی میں 3، ضلع کیماڑی میں 17، ضلع وسطی میں 7 اور ضلع جنوبی میں 48 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے تھے۔