پنجاب میں کرایوں میں کمی،گڈزٹرانسپورٹرکا ریلیف دینے سے انکار

لاہور/کراچی:ڈیزل سستا ہونے کے بعد پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کر دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق انٹر سٹی اور بین الصوبائی کرایوں میں 5 فیصد تک کمی کر دی گئی ہے۔

نئے کرایہ نامے کے مطابق لاہور سے مختلف شہروں کے کرایے بھی کم کر دیے گئے ہیں۔لاہور تا کراچی کرایہ 5390 سے کم ہو کر 5120 روپے، لاہور تا حیدرآباد کرایہ 5020 سے کم ہو کر 4770، لاہور تا مورو کرایہ 4550 سے کم ہو کر 4320 روپے جبکہ لاہور تا سکھر کرایہ 3630 سے کم ہو کر 3450 روپے کر دیا گیا ہے۔

لاہور تا صادق آباد کرایہ 2370 سے کم ہو کر 2250 روپے، لاہور تا رحیم یار خان کرایہ 2370 سے کم ہو کر 2250 روپے، لاہور تا خان پور کرایہ 2370 سے کم ہو کر 2250 روپے، لاہور تا احمد پور شرقیہ کرایہ 2160 سے کم ہو کر 2050 روپے جبکہ لاہور تا لودھراں کرایہ 1970 سے کم ہو کر 1870 روپے کر دیا گیا ہے۔

نئے کرایہ نامے کے مطابق لاہور تا بہاولپور کرایہ 1970 سے کم ہو کر 1870 روپے، لاہور تا ملتان کرایہ 1970 سے کم ہو کر 1870 روپے، لاہور تا مظفر گڑھ کرایہ 2160 سے کم ہو کر 2050 روپے، لاہور تا لیہ کرایہ 2350 سے کم ہو کر 2230 روپے جبکہ لاہور تا ڈیرہ اسماعیل خان کرایہ 3285 سے کم ہو کر 3120 روپے کردیاگیاہے۔

مزید برآں لاہور تا بنوں کرایہ 2510 سے کم ہو کر 2380 روپے، لاہور تا بھکر کرایہ 2720 سے کم ہو کر 2580 روپے اور لاہور تا کوٹ ادو کرایہ 2340 سے کم ہو کر 2220 روپے کر دیا گیا ہے۔ٹرانسپورٹرز کو نئے کرایہ نامے پر فوری عملدرآمد کی بھی ہدایت کی گئی ہے جبکہ زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا عندیہ بھی دیا گیاہے۔

ادھر گڈز ٹرانسپورٹرز نے ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود کرائے کم کرنے سے انکار کردیا۔صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے اپنے بیان میں کہاکہ وزیراعظم کی جانب سے ڈیزل کی قیمت میں کمی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں تاہم ہم کرایوں میں کمی نہیں کر رہے اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے کرائے برقرار رہیں گے۔

ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ جنگی حالات کی وجہ سے ملک میں امپورٹ ایکسپورٹ کا کاروبار نہ ہونے کے برابر ہے، کام نہ ہونے کی وجہ سے ہمارے ٹرانسپورٹرز نے کئی ہزار گاڑیاں کھڑی کر دی ہیں، موجودہ صورتحال میں وفاقی حکومت کی طرف سے گڈز ٹرانسپورٹرز کو کسی قسم کا کوئی ریلیف نہیں دیا گیا، ہم ملک کے وسیع تر مفاد میں اپنی گاڑیاں نقصان میں چلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 263 روپے اضافہ کیا گیا تھا، وزیراعظم نے پچھلے ہفتے 135 روپے اور پھر 32 روپے 12 پیسے کم کئے، کرایوں میں کمی ڈیزل کی قیمت میں مزید کمی کے بعد کی جائے گی، امید کرتے ہیں کہ مزید بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے گی۔

ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ ہم نے وفاقی حکومت سے ود ہولڈنگ ٹیکس، ٹول ٹیکس سمیت ٹریفک اور موٹروے پولیس کے ناجائز چالان میں ریلیف مانگا تھا، ہم جتنے ٹیکس ادا کرتے ہیں حکومت اتنی سہولیات بھی ہمیں دے۔