کراچی :نیشنل سائبرکرا ئم انویسٹی گیشن ایجنسی نے شہرمیں کارروائی کے دوران پولیس اورحساس اداروں کے افسران بن کرفون کالز کے ذریعے شہریوں سے فراڈ میں ملوث 3ملزمان کوگرفتارکرلیا۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق شہرکے علاقے قائد آباد میں کارروائی کی گئی،جس کے دوران گذشتہ کئی برسوں سے شہریوں سے فراڈ کرنے میں ملوث 3ملزمان کی گرفتاری عمل میں آئی۔گرفتارملزمان پولیس اورحساس اداروں کے افسران بن کرکالزکے ذریعے شہریوں سے فراڈ میں ملوث ہیں، گرفتارملزمان میں گروہ کا سرغنہ ابوبکر،نصیراحمد اورمحمد محسن شامل ہیں،ملزمان مختلف اشیا کی بڑی مقدارکا آرڈردے کراشیا وصول اوررقم کی عدم ادائیگی میں بھی ملوث ہیں۔
گروہ مختلف سمز سے کالز کے ذریعے شہریوں کوکروڑوں رو پے سے محروم کرچکا ہے،این سی سی آئی اے کے مطابق ایک سیلولرکمپنی کے فرنچائزکے محمد حسن اورنصیراحمد گروہ کے سرغنہ ابوبکرکوسمز کی فراہمی میں ملوث رہے ہیں۔
دونوں ملزمان فرنچائزکے ذریعے جعلی ناموں پرسیلولرکمپنی کی سمزایکٹویٹ کرتے تھے،ملزمان کیخلاف مقدمہ اندراج کے بعد مزید کارروائی جاری ہے۔

