پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما حسن مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ پہلے ایک لاڈلہ تھا، اب دوسرا ہے، ملک میں عوامی راج کب ہوگا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حسن مرتضیٰ نے کہا کہ صرف لاڈلہ بدلا ہے، کندھا نہیں بدلا، ملک اس طرح چلائیں گے تو اگلی حکومت چلتی نظر نہیں آتی۔
حسن مرتضیٰ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کو ڈیل اور ڈھیل سے کوئی خطرہ نہیں، آپ کا مقابلہ اناڑی کھلاڑی سے نہیں، پیپلز پارٹی سے ہے، میاں صاحب کے بغیر پیپلز پارٹی الیکشن کو ادھورا سمجھتی ہے۔
پی پی رہنما نے کہا کہ نگراں حکومت ہر وہ کام کر رہی ہے جو ان کے کرنے والا نہیں، الیکشن کروانا نگراں حکومت کی ذمہ داری ہے جس کا نام نہیں لیا جا رہا، حیران ہوں ن لیگ کی نجکاری پالیسی کو یہ آگے بڑھا رہے ہیں۔
حسن مرتضیٰ نے کہا کہ ان کو سرکاری اداروں کو بیچنے کا حق کس نے دیا؟ پنجاب میں سرکاری ملازمین پر عرصہ حیات تنگ کیا جا رہا ہے، اساتذہ کو جیلوں میں ڈالنا اور ان پر پولیس تشدد زیادتی ہے۔

