3لاکھ امریکی ہتھیار،پاکستان کیلئے دردسر،سی این این کا اعتراف

نیویارک:امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے کہا ہے کہ افغانستان میں چھوڑا گیا امریکی اسلحہ پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہورہاہے۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق امریکی اسلحہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں ایک بڑی رکاوٹ بن چکا ہے، ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کے دہشت گرد امریکی ساختہ رائفلز، مشین گنز اور اسنائپر ہتھیار استعمال کر رہے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی ہتھیاروں کی دستیابی کے باعث دہشت گردوں کے حملوں کی نوعیت اور شدت میں نمایاں اضافہ ہوا۔سربراہ سگار جان سوپکو کے مطابق انخلا کے وقت افغانستان میں 3 لاکھ امریکی ہتھیار چھوڑے گئے۔

جنوبی وزیرستان اور بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کے دوران امریکا کا افغانستان میں چھوڑا گیا جدید اسلحہ استعمال ہوا۔

خیال رہے کہ حکومت پاکستان افغان حکومت اور بین الاقوامی برادری کو بارہا اس بات کے واضح ثبوت فراہم کر چکی ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے اور ٹی ٹی پی کے دہشت گرد امریکا کا افغانستان میں چھوڑا گیا جدید اسلحہ استعمال کر رہے ہیں۔