پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ سانحۂ کارساز کے زخم آج بھی تازہ ہیں، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے سانحے سے ڈرنے کی بجائے انتخابی مہم کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے سانحۂ کارساز کی 16 ویں برسی کے موقع پر پر بیان میں کہ ہے کہ گزشتہ روز غزہ کے اسپتال پر ہونے والے حملے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی اور عالمی رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، حماس کی آڑ میں اسپتالوں پر اسرائیلی حملے ناقابلِ قبول ہیں۔
شیری رحمٰن نے کہا کہ غزہ کی صورتِ حال پر عالمی دنیا کس چیز کا انتظار کر رہی ہے؟ یہ غیر انسانی خوف ناک حملے اشتعال کو ہوا دینے کے مترادف ہیں، دنیا اسرائل کے مظالم روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سانحۂ کارساز کو 16 برس مکمل ہو گئے لیکن زخم آج بھی تازہ ہے، کارساز حملے سے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو انتباہ کیا گیا کہ وہ الیکشن سے دور ہو جائیں لیکن انہوں نے ڈرنے کی بجائے انتخابی مہم کا اعلان کیا۔
شیری رحمٰن نے یہ بھی کہا کہ 16سال بعد ہم آج پھر اسی جگہ کھڑ ے ہو کر انتخابات کا مطالبہ کر رہے ہیں، آج بھی ملکی مسائل کا واحد حل عام انتخابات ہی ہیں۔

