آئین اور قانون کے ساتھ جو مذاق ہورہا ہے وہ عوام کے سامنے آنا چاہیے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں جس طرح پنجاب اور خیبرپختونخوا انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی وہ سب کے سامنے ہے کس طرح 3-4 کے فیصلے کو نظر انداز کیا گیا، آئین اور قانون کے ساتھ جو مذاق ہورہا ہے وہ عوام کے سامنے آنا چاہیے۔

شہباز شریف کے زیر صدارت اتحادی جماعتوں کے اجلاس کے دوران انہوں نے نوازشریف، آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان سمیت تمام قائدین کوخوش آمدید کہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ جسٹس فائزعیسیٰ کےفیصلےکوسرکلرکےذریعےختم کیا گیا پھرایک 6 رکنی بینچ بنا دیا گیا، اس پورے معاملے پر وزیرقانون نے تمام تفصیلات اسمبلی اورسینیٹ کوبتائی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ایک قرارداد پہلے پاس ہوچکی، کل ایک اورقرارداداسمبلی میں پیش کی گی، اس طرح کا کھلواڑ پہلے کبھی نہیں ہوا، ہماری آنکھوں نےاس طرح کا بھیانک منظرکبھی نہیں دیکھا۔

شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ ہفتےاتحادیوں کےساتھ وکلا کی جامع نشست ہوئی، کابینہ کے 2 اجلاس بھی منعقد ہوئے، اتحادی جماعتوں کے اسپیکرز نے ہر پہلوپرگفتگوکی، اس سےمتعلق ہماری روزوکلاکےساتھ نشست ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 3 رکنی بینچ نےفل کورٹ کی استدعا کو مسترد کردیا، سیاسی پارٹیوں کی فریق بننےکی درخواست کومسترد کردیا گیا، آئین اورقانون کےساتھ جومذاق ہورہا ہےوہ عوام کے سامنے آنا چاہیے۔