وزیر ریلوے حنیف عباسی نے قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے چیف آف ڈیفنس ا سٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ 78 سالہ تاریخ میں آج جو مقام پاکستان کو ملا ہے اس کی مثال شاذ و نادر ہے۔وزیر ریلوے نے واضح کیا کہ ملکی مفاد سب سے مقدم ہے اور کوئی بھی ملک مخالف عناصر پاکستان میں برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ افغان مہاجرین کی دہائیوں تک میزبانی کی گئی، مگر جو پاکستان کے خلاف ہیں ان کے ساتھ دشمنی ہے، اختلافات کے باوجود قوم نے کبھی بھی ملک کے خلاف سوچا نہیں اور مقامی لوگوں کو دہشت گردوں کے حملے بند کرنے کے لیے کہنے کے باوجود بھی دہشت گردوں نے حملے جاری رکھے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جو پاکستان کا بدخواہ ہے ہماری اس سے دشمنی ہے، ہم نے بھی جیلیں کاٹی ہیں لیکن ملک کے بارے میں کبھی برانہیں سوچا، ہمارے اختلافات ہوسکتے ہیں لیکن ہم نے کبھی کسی کواکسایانہیں، کبھی مقامی لوگوں کویہ نہیں کہاکہ دہشت گردوں پرحملہ نہ کرووہ بھی حملہ نہیں کرینگے، مطلب یہ دہشت گردوں کوکہتے ہیں کہ پاک فوج،پولیس پرحملے کرو، ہم اپنے عوام کاتحفظ کریں گے اوردہشت گردوں کاپیچھاکرکے انہیں ختم کریں گے۔
سہیل آ فریدی کے حوالے سے انھوں نے کہا وزیراعلیٰ کے پی نے جو فورسز سے متعلق گفتگو کی ہے ان پر ہی الزام لگاتے ہیں، جو بارڈر پر پہلی گولی کا شکار بنتے ہیں ، نادان دوستوں کو مشورہ ہے ٹھنڈے دماغ سے سوچیں پاکستان مقدم ہے یا نہیں۔
پی ٹی آئی سے متعلق وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ساتھ جو بھی ملا وہ رْل گیا، سلمان اکرم راجا اور لطیف کھوسہ کو دیکھیں، ان کا بیڑا غرق ہوگیا۔۔ ان کا ایک کام ہے کہ لیڈر باہر آجائے ، لیکن یاد رکھیں وہ اسی وقت باہر آئے گا جب عدالتیں اسے چھوڑیں گی۔حنیف عباسی نے پی ٹی آئی کو خبردار کیا کہ اگر رویہ نہ بدلا تو ایسا نہ ہو کہ ان کے لیڈر کی وقت سے پہلے ہی فاتحہ پڑھ لی جائے۔

