سندھ کے ضلع سانگھڑ سے گیس کی پیداوار میں اضافہ

سندھ کے ضلع سانگھڑ میں واقع گمبٹ ساؤتھ بلاک ٹو سے گیس کی پیداوار میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کی تصدیق پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے بھی کی ہے۔ترجمان پی پی ایل کے مطابق گمبٹ ساؤتھ بلاک میں موجود جی پی ایف ٹو سے اب روزانہ 60 ایم ایم سی ایف ڈی گیس حاصل کی جارہی ہے جو اس سے قبل 55 ایم ایم سی ایف ڈی تھی۔

اس طرح گیس کی یومیہ پیداوار میں 5 ایم ایم سی ایف ڈی کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق گیس کے ساتھ ساتھ گمبٹ ساؤتھ بلاک ٹو سے روزانہ 35 بیرل خام تیل اور ایک میٹرک ٹن ایل پی جی بھی حاصل کی جارہی ہے۔ ترجمان کے مطابق پی پی ایل اس بلاک میں 65 فیصد شراکت دار ہے۔

کمپنی کے ترجمان نے بتایا کہ گیس کی پیداوار میں اضافہ موجودہ فیلڈ سے ہائیڈروکاربن کے زیادہ سے زیادہ حصول کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ ماہرین کے مطابق اس پیش رفت سے نہ صرف توانائی کے شعبے کو استحکام ملے گا بلکہ ملکی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔