عمرے کے نام پر ٹریول ایجنٹ کی بڑی جعلسازی سامنے آگئی، بہاولپور کے درجنوں شہری جعلی ویزوں کا شکار بن گئے۔ذرائع نے بتایا کہ عمرے کے نام پر ٹریول ایجنٹ کا زائرین کو جعلی ویزے دینے کا انکشاف ہوا ، ایجنٹ نے 50 سے زائد زائرین سے لاکھوں روپے بٹور لیے اور انہیں جعلی ویزے فراہم کیے۔
متاثرہ شہری محمد یاسر نے بتایا کہ انہوں نے 31 افراد کے ویزے اور ٹکٹس کے لیے 55 لاکھ 40 ہزار روپے ایجنٹ کو ادا کیے۔متاثرین کا کہنا ہے کہ وہ 26 اکتوبر کو کراچی ایئرپورٹ پہنچے تو معلوم ہوا کہ تمام ویزے جعلی ہیں، جس کے بعد انہیں ایئرپورٹ سے ہی واپس بھیج دیا گیا۔
ایجنٹ نے متاثرین کو یہ کہہ کر تسلی دی کہ ”آئی ڈی بلاک ہونے کی وجہ سے ویزے منسوخ ہوگئے ہیں” تاہم متاثرین نے ایف آئی اے میں تحریری درخواست جمع کرادی، جبکہ ادارے نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

