حکومت کا بڑا فیصلہ متوقع، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں روزانہ تبدیل ہوں گی؟

حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا موجودہ نظام تبدیل کرنے پر غور کر رہی ہے، جس کے تحت مستقبل میں پیٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل، لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کے تیل کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ نظام کے تحت آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) ہر رات پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا تعین کرے گی، جو رات 12 بجے سے نافذ العمل ہوں گی۔

پیٹرولیم ڈویژن کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ اس نئے طریقہ کار کے تحت قیمتوں کے حتمی تعین میں حکومت کا براہِ راست کردار نمایاں طور پر کم ہو جائے گا، جبکہ اوگرا کو قیمتوں کے تعین کا مرکزی اختیار حاصل ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ نظام کا مقصد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کو زیادہ تیزی سے مقامی مارکیٹ میں منتقل کرنا اور قیمتوں کے تعین کے عمل کو مزید مؤثر اور شفاف بنانا ہے۔

تاہم اس حوالے سے تاحال حکومت کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان یا حتمی منظوری سامنے نہیں آئی۔