مولانا فضل الرحمن کا بیان،وزراء کا شدید ردعمل

اسلام آباد: سربراہ جمعیت علمائے اسلام(ف)مولانا فضل الرحمان کے شہدا پاک فوج بارے بیان کے خلاف وفاقی وزرا یک زبان ہوگئے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ و سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ خان نے شہدا کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے بظاہر جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا نام لئے بغیر ان کے حالیہ بیان پر کڑا ردعمل دیاہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ شہادت مقصود و مطلوبِ مومن ہے، یہ اس کا نصیب ہے جو قاری نظر آتا ہے، حقیقت میں ہے قرآن۔ یہ راز ہم دنیا داروں، تنخواہ داروں کی سمجھ سے بالاتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی شہدا کے ورثا اور غازیوں کو صبرِ جمیل اور یقینِ محکم کی دولت سے مالا مال رکھے کیونکہ یقینِ محکم ہی ہماری آزادی اور بقا کا ضامن ہے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان کو شہدا کی قربانی کی توہین قرار دے دیا۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک کہنہ مشق سیاست دان اور ممتازمذہبی رہنما ہیں، ان سے الفاظ کے انتخاب میں زیادہ ذمہ داری کی توقع کی جاتی ہے۔

فوجی جوانوں کی وطن کیلئے قربانی کو ان کی تنخواہ سے جوڑنا نہ صرف غیرمنصفانہ بلکہ شہدا اور ان کے خاندانوں کی دل آزاری ہے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ فوجی جوانوں کی بے مثال قربانی کو محض تنخواہ کا معاوضہ قرار دینا نا انصافی ہے، یہ اخلاق کے تقاضوں کے مطابق ہے اور نہ ہی اسلامی تعلیمات سے ہم آہنگ۔

وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے ایکس پر جاری پیغام میں کہا کہ پاکستان کی فوج صرف ایک ادارہ نہیں، بلکہ قوم کے وقار، سلامتی اور بقا کی علامت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج اگر ہم اپنے گھروں میں سکون کی نیند سوتے ہیں، اگر ہمارے بچے آزادی کی فضا میں سانس لیتے ہیں، تو اس کے پیچھے ان جوانوں اور افسروں کی لازوال قربانیاں ہیں جو سرحدوں پر، برف پوش چوٹیوں میں، ریگستانوں میں اور دہشت گردی کے خلاف ہر محاذ پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں۔

وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے پوری قوم کا دل دکھا دیا، شہادتوں کی بدولت ہی آج پاکستان قائم ہے، قومی مفادات کے معاملات پر سب کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، قوم اپنے شہدا اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

وزیر مملکت برائے اوورسیز پاکستانیز عون چودھری نے مولانا فضل الرحمن سے شہدا کے لواحقین اور پوری قوم سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا، انہوں نے کہا کہ شہادت تنخواہ سے نہیں، حب الوطنی، ایمان اور جذبہ قربانی سے ملتی ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ قومی مفاد ہر سیاسی مفاد سے بالاتر ہونا چاہیے، افواجِ پاکستان اور شہدا کی قربانیوں پر تنقید یا سوالات قومی وحدت کیلئے نقصان دہ ہیں۔