فیفا ورلڈکپ: اسپین فرانس کو دو صفر سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا

فیفا ورلڈکپ 2026 کے پہلے سیمی فائنل میں اسپین نے فرانس کو 2 صفر سے شکست دے دی، اسپین کی ٹیم 16 برس بعد میگا ایونٹ کے فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

ٹورنامنٹ میں 8 گول داغنے والے فرانس کے اسٹار کھلاڑی ایم باپے اس سیمی فائنل میں کوشش کے باوجود فیورٹ ٹیم فرانس کے لیے گول نہ کرسکے۔

فیفا ورلڈکپ کے 23ویں ایڈیشن کے پہلے سیمی فائنل میں اسپین نے انتہائی جارحانہ انداز سے میچ کا آغاز کیا۔

اسپین کی جانب سے پہلا گول پہلے ہی ہاف میں میکیل اوریار زبال نے پنالٹی کک پر 22ویں منٹ میں اسکور کیا، یہ ورلڈ کپ میں اُن کا پانچواں گول بھی تھا۔

اسپین کی جانب سے دوسرا گول دوسرے ہاف میں پیڈرو پورو نے ایک شاندار کک کے ذریعے 58ویں منٹ میں بنایا۔

واضح رہے کہ اسپین کی ٹیم 16 برس بعد میگا ایونٹ کے فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے، فرانس کی ٹیم 2018 اور 2022 کے فائنل میں پہنچی تھی مگر فیصلہ کن معرکے میں جانے کی ہیٹ ٹرک اسکور نہ کرسکی۔

فائنل میں اسپین کا مقابلہ دوسرا سیمی فائنل جیتنے والی ٹیم ارجنٹینا یا انگلینڈ سے ہوگا، یہ سیمی فائنل بدھ کی شب بارہ بجے کھیلا جائے گا۔