غزہ پرحملے،4شہید،کئی مکانات مسمار،درجنوں گرفتار

غزہ/تل ابیب:قابض اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری رکھیں جس میں مکانات کو مسمار کرنے،بمباری اور فائرنگ کے واقعات شامل ہیں۔

اس دوران قابض اسرائیل کے حملوں میں غزہ شہر اور رفح میں4 فلسطینی شہید ہو گئے۔بدھ کی صبح غزہ شہر کے محلہ الشیخ رضوان میں ایک اسرائیلی ڈرون طیارے نے گھر کی چھت پر بمباری کی جس کے نتیجے میں ایک شہری زخمی ہو گیا۔

طبی ذریعے نے بتایا کہ گذشتہ رات غزہ شہر کے مشرق میں شاہراہ صلاح الدین پر دوار الکویت کے قریب قابض اسرائیل کی بمباری کے نتیجے میں ایک شہید کی میت المعمدانی ہسپتال پہنچائی گئی۔غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے فلسطینی فٹبالر اور گول کیپر سلیم الاشقر شہید ہو گئے۔

غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق سلیم الاشقر کی شادی صرف پانچ ماہ قبل ہوئی تھی جبکہ ان کی اہلیہ اپنے پہلے بچے کی منتظر ہیں۔ ان کی شہادت کے بعد خاندان پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن کے مطابق اکتوبر 2023ء سے جاری جنگ کے دوران اب تک ایک ہزار سے زائد فلسطینی کھلاڑی اپنی جانوں سے ہاتھ دھوچکے ہیں۔

ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ جنگ کے باعث فلسطینی کھیلوں کا شعبہ شدید متاثر ہوا ہے اور متعدد کھلاڑی، کوچز اور کھیلوں سے وابستہ افراد بھی شہید ہو چکے ہیں۔قابض فوج کے توپ خانے نے رفح شہر کے شمال مغرب میں گولہ باری کی جبکہ قابض فورسز کی گاڑیوں نے پٹی کے جنوب میں خان یونس شہر کے مشرق میں فائرنگ کی۔

قابض فوج نے خان یونس شہر کے شمال مشرق میں متعدد مکانات کو مسمار کرنے کی کارروائیاں بھی کیں۔قابض فوج نے غزہ کے شمال مشرق میں واقع محلہ التفاح میں شہریوں کے مکانات کو تباہ کرنے کے لیے ایک بارودی روبوٹ کا استعمال کیا۔

اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے غزہ شہر کے شمال مغرب میں السودانیہ کے علاقے کے آس پاس فضائی حملہ کیا اور شہر کے شمال مغرب میں الکرامہ کے علاقے میں الخزندار اسٹیشن کے قریب ایک گھر پر بمباری کی۔

دوسری جانب بدھ کی صبح درجنوں یہودی آباد کاروں نے قابض اسرائیلی فورسز کی سخت حفاظت میں مسجد اقصیٰ کے صحنوں پرپھر دھاوا بول دیا اور وہاں تلمودی رسومات ادا کیں۔

دریں اثناء یہودی آباد کاروں کے جتھوں نے مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں اپنی جارحیت اور نوآبادیاتی خلاف ورزیوں میں شدت پیدا کر دی ہے اور کئی علاقوں میں نئی نوآبادیاتی چوکیاں قائم کرنے کا آغاز کیا ہے۔

آباد کاروں نے جنین کے جنوب مغرب میں واقع قصبے کفر راعی کی زمینوں پر ایک نئی نوآبادیاتی چوکی قائم کی ہے۔آباد کاروں کے ایک گروہ نے قصبے کے شمال میں واقع القرین کے علاقے میں ابو الشوارب خاندان کی زرعی زمینوں کو بلڈوز کیا اور وہاں ایک خیمہ نصب کر دیا۔

علاوہ ازیں کلب برائے اسیران کے مطابق قابض اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ بیت المقدس سمیت مغربی کنارے سے کم از کم 20 شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔کلب نے وضاحت کی کہ گرفتار ہونے والوں میں پانچ خواتین بھی شامل ہیں۔

ادھراسرائیل کے وزیر برائے توانائی و انفرااسٹرکچر ایلی کوہن نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیل کا کنٹرول مسلسل بڑھتا رہے گا یہاں تک کہ یہ 100 فیصد تک پہنچ جائے۔اسرائیلی ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اسرائیل حماس کو ایک ملی میٹر بھی سر اٹھانے کی اجازت نہیں دے سکتا۔