نورمقدم قتل کیس: ظاہر جعفر کی نظر ثانی درخواست مسترد، سزائے موت برقرار

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے نور مقدم قتل کیس میں مجرم ظاہر جعفر کی نظر ثانی درخواست مسترد کرتے ہوئے سزائے موت برقرار رکھی ہے۔

سپریم کورٹ میں جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں جسٹس صلاح الدین پنہور اور جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل بینچ نے کیس کی سماعت مکمل کرکے فیصلہ سنایا۔

دوران سماعت ملزم  کے وکیل نے دلائل دیتےہوئےکہا  کہ سب سے پہلےتسلیم کرتا ہوں مقتولہ نور مقدم کے ساتھ ظلم ہوا، میں مقتولہ کے خاندان کے سامنے معذرت خواہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میرے دلائل کا مرکز وقوعہ کے وقت مجرم کی دماغی حالت ہے، وقوعے اور ٹرائل کے وقت میرے موکل کی دماغی حالت ٹھیک نہیں تھی تاہم یہ نہیں کہوں گا میرے مؤکل نے قتل نہیں کیا۔

عدالت نے سماعت کے بعد اپنا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم ظاہر جعفر کی نظر ثانی درخواست مسترد کردی اور سزائے موت کا فیصلہ برقرار رکھا۔