نجی کنسورشیم کے ٹیک اوور سے قبل پی آئی اے کوعالمی آپریشنل کا سامنا

اسلام آباد:نجی کنسورشیم کے ٹیک اوور سے قبل پی آئی اے کو ایک بڑے امتحان کا سامنا ہے جس کے تحت ایئرلائن کا بین الاقوامی آپریشنل اور سیفٹی آڈٹ کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پی آئی اے کا یہ سخت ترین بین الاقوامی سیفٹی آڈٹ 8 جون سے شروع ہوگا، جبکہ انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) کی ٹیم آڈٹ کے لیے اتوار کو پاکستان پہنچے گی۔

اس بار پی آئی اے کا رسک بیسڈ سخت آڈٹ کیا جائے گا، جس کے دوران آئی اے ٹی اے کی ٹیم ایئرلائن کے تمام شعبوں کی جانچ پڑتال کرے گی۔یہ بین الاقوامی سیفٹی آڈٹ پی آئی اے کی سیفٹی سے متعلق عالمی درجہ بندی کے تعین میں اہم کردار ادا کرے گا۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ آڈٹ کی تیاریوں میں مصروف ہے، جبکہ سی ای او پی آئی اے نے تمام شعبہ جات کو تیاری مکمل رکھنے کی ہدایت کر دی ہے۔

ملازمین کو ریکارڈ درست اور مکمل رکھنے کے ساتھ سیفٹی پالیسی کے مینوئلز اپ ڈیٹ رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔