اسلام آباد:سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نہ صرف پیچیدہ مذاکرات کی راہ ہموار کی بلکہ ممکنہ امن معاہدے کی ڈرافٹنگ خود اپنے ہاتھوں سے کررہے ہیں۔
آزاد حیثیت میں ایوان بالاکے رکن بننے والے سینیٹر فیصل واوڈا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ الحمداللہ فیلڈ مارشل عاصم منیرنے ہندوستان کو جنگ میں بد ترین شکست دی۔
انہوں نے مزید لکھا کہ وہ پاکستان کے بعد صرف خطے تک محدود نہیں رہے بلکہ بین الاقوامی طور پر پوری دنیا کے امن کیلئے خود بطور فرد واحد زبردست کردار ادا کر رہے ہیں۔فیصل واوڈا نے کہا کہ انہوں نے نہ صرف پیچیدہ مذاکرات کی راہ ہموار کی بلکہ ممکنہ امن معاہدے کی ڈرافٹنگ خود اپنے ہاتھوں سے کر رہے ہیں۔
دنیا کے تجزیے اور دعوے کچھ بھی ہوں سب غلط ثابت ہوں گے انشااللہ اکیلے فیلڈ مارشل پاکستان کے دارلحکومت میں تاریخ رقم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ کچھ دنوں یا ہفتوں میں پاکستان میں بڑے عالمی رہنمائوں کے ساتھ دنیا کے امن کی وہ تاریخ رقم ہو گی جس کا کسی نے گمان بھی نہیں کیا ہوگا۔ پاکستان اور فیلڈ مارشل ورلڈ آرڈر میں نمایاں طور پر نظر آ رہے ہیں۔

