جھل مگسی:بلوچستان کے ضلع جھل مگسی میں مسافر کوچ کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 30زخمی ہوگئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق مسافر کوچ کو ایم ایٹ روڈ پر باریجہ کے علاقے میں میں حادثہ پیش آیا۔
کوچ سائی وائی کے مقام پر تیز رفتاری کے باعث کھائی میں گری۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں 8 افراد جاں بحق اور خواتین، بچوں سمیت 30 افراد زخمی ہوئے جن میں 15 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمی افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق مسافر کوچ خاران سے لاڑکانہ کی جانب جارہی تھی۔
واضح رہے کہ مارچ میں مٹیاری کے قریب قومی شاہراہ پر کراچی سے پنجاب جانے والی مسافر کوچ حادثے کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں چار مسافر جاں بحق اور سات زخمی ہو گئے تھے۔پولیس حکام کا کہنا تھا کہ افسوسناک حادثہ بارش کے باعث سڑک پر ہونے والی پھسلن کی وجہ سے پیش آیا۔

