کراچی میں ٹرالر کے نیچے لیٹنے والے 2 نوجوان دب کر جاں بحق

کراچی: لانڈھی اسپتال چورنگی کے قریب معروف ٹائر کمپنی کے سامنے ٹرالرکی زد میں آکر2 نوجوان جاں بحق ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق قائد آباد تھانے کےعلاقے لانڈھی اسپتال چورنگی اور یونس چورنگی کے درمیان واقع معروف ٹائر کمپنی کے سامنے ٹرالرکی زد میں آکر2 نوجوان جاں بحق ہوگئے جن کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی شناخت محمد ارشد ولد فضل الرحمان اور ضمیر ولد نواب کے ناموں سے کی گئی ،جاں بحق نوجوانوں کی عمریں 16 سے 18 سال کے درمیان ہیں۔
ایس ایچ او قائد آباد محمد اعجاز نے بتایا کہ حادثےمیں جاں بحق نوجوان محمد ارشد کا آبائی تعلق خوشاب اورضمیرسانکھڑ سے تھا دونوں نوجوان محنت کش تھے اورقریبی فیکٹری میں ملازمت کرتے تھے۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے دونوں نوجوان گرمی سے بچے کے لیے ٹرالر کے نیچے لیٹ گئے جہاں ان کی آنکھ لگ گئی اور وہ سو گئے اسی دوران ٹرالر کے ڈرائیور نے لا عملی کے باعث ٹرالر چلا دیا جس کے باعث دونوں نوجوان ٹرالر تلے دب کر جاں بحق ہو گئے۔