بنوں ، فتنہ الخوارج کا حملہ، ایک اہلکار شہید،شہری زخمی

پشاور:خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں تھانہ منڈان کی حدود چوکی فتح خیل پولیس کی گاڑی پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے حملہ کردیا۔پولیس کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں پولیس اہلکار رضا علی شاہ شہید ہوگئے جبکہ شہری زخمی ہوا، علاقے کو گھیرے میں لے کر کومبنگ آپریشن شروع کردیا گیا۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا پولیس نے دہشت گردی واقعات کی سہ ماہی رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق 14 اضلاع میں دہشت گردی کے 475 مقدمات درج کئے گئے۔ کارروائیوں کے دوران 85 دہشت گرد مارے گئے۔رپورٹ کے مطابق دہشت گردی واقعات میں پولیس کے 71 اہلکارشہید، 68 زخمی ہوئے۔

دہشت گردی واقعات میں نامزد 1235 افراد کے ناموں کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق بنوں میں دہشت گردی کے سب سے زیادہ 92 واقعات رپورٹ ہوئے، شمالی وزیرستان 88 اور ڈی آئی خان میں 65 واقعات رپورٹ کئے گئے۔