مقبوضہ بیت المقدس: شفاعت پناہ گزین کیمپ میں ایک فلسطینی نوجوان کی گرفتاری اور تشدد کے واقعے کی ویڈیو نے اسرائیلی فوج کو بے نقاب کرکے رکھ دیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطینی میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ باوردی اہلکار بندوق تانے ایک نوجوان کے پیچھے دوڑ رہے ہیں اور اسے گرفتار کرلیتے ہیں۔
پناہ گزین کیمپ سے تعلق رکھنے والوں نے بتایا کہ گرفتار کیے جانے والے نوجوان کی شناخت مہدی العربی کے نام سے ہوئی ہے جو ڈاؤن سنڈروم جیسے خصوصی ذہنی عارضے کا شکار ہے۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ کارروائی میں شامل اہلکار غالبا اسرائیلی بارڈر سے تعلق رکھتے تھے، جو مشرقی یروشلم میں باقاعدگی سے سیکورٹی آپریشنز کرتے ہیں۔وائرل ویڈیو میں اہلکاروں کو نوجوان کے ساتھ سخت رویہ اختیار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس ویڈیو پر انسانی حقوق کے حلقوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے خاص طور پر اس پہلو پر کہ ایک اسپیشل چائلڈ کے ساتھ اس نوعیت کا سلوک کیا گیا۔
تاحال اسرائیل کی بارڈر فورس یا حکومت کی جانب سے اس واقعے پر کوئی باضابطہ موقف یا وضاحت سامنے نہیں آئی ۔

