بحری جہازوں پر فائرنگ کے بعد بھارت نے ایرانی سفیر کو طلب کرلیا، شدید احتجاج

آبنائے ہرمز میں ہدایات کی خلاف ورزی پر انڈین جہازوں پر فائرنگ کے بعد بھارتی حکومت نے ایرانی سفیر کو طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کردیا۔

بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق بھارت نے نئی دہلی میں ایرانی سفیر کو طلب کرلیا، جب دو بھارتی پرچم والے جہاز فائرنگ کے بعد آبنائے ہرمز میں اپنا راستہ تبدیل کرنے پر مجبور ہوئے۔

بھارتی سیکرٹری خارجہ نے ایرانی سفیر کو بتایا کہ ’ہمیں اس واقعے پر گہری تشویش ہے‘ اور مطالبہ کیا کہ بھارت جانے والے جہازوں کی محفوظ آمدورفت جلد بحال کی جائے۔

ادھر امریکی فوجی کمان امریکی سینٹرل کمانڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کے بعد اب تک 23 ایرانی جہازوں کو واپس بھیجا جا چکا ہے اور اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز میں کشیدگی نہ صرف خطے بلکہ عالمی معیشت پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہے، کیونکہ دنیا کی بڑی مقدار میں تیل اسی راستے سے گزرتا ہے۔ موجودہ صورتحال میں سفارتی کوششیں جاری ہیں، تاہم زمینی حقائق بتاتے ہیں کہ مذاکرات کی میز سجنے سے پہلے سمندر میں کشیدگی بڑھ چکی ہے۔