وزیراعظم شہباز شریف کی مدینہ منورہ آمد، روضہ رسولؐ پر حاضری

وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ان کے ہمراہ پاکستانی وفد نے مدینہ منورہ میں مسجدِ نبوی ﷺ میں حاضری دی ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف گزشتہ شب جدہ سے مدینہ منورہ پہنچے تھے، اس موقع پر گورنر مدینہ شہزادہ سلمان بن سلطان نے وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وفد کے لیے روضۂ رسول ﷺ کے دروازے کھولے گئے، اس موقع پر وزیرِ اعظم نے روضۂ رسول ﷺ کی زیارت کی اور سلامِ عقیدت پیش کیا۔

پی ایم آفس کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کیلئے روضہ رسول کے دروازے بھی کھولے گئے

وزیرِ اعظم نے ملک و قوم کی ترقی اور دنیا بھر میں امن و آشتی کے لیے دعائیں بھی کیں۔وزیرِ اعظم شہباز شریف مدینہ منورہ سے دوحہ جائیں گے جہاں ان کی امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات ہو گی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ سعودی عرب روانہ ہوئے تھے۔ شہباز شریف نے رات گئے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی تھی جس میں خطے کی صورتِ حال اور دیگر امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا تھا۔