سعودی عرب کا پاکستان کیلئے 3 ارب ڈالر اضافی معاونت کا اعلان

سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کیلئے 3 ارب ڈالر اضافی معاونت اور 5 ارب ڈالر کے ڈپازٹ میں توسیع کا اعلان کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اعلان کیا ہے کہ مملکت سعودی عرب نے پاکستان کیلئے مزید 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹس کی منظوری دے دی ہے، جن کی ادائیگی آئندہ ہفتے متوقع ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے مزید بتایا کہ سعودی عرب کا موجودہ 5 ارب ڈالر کا ڈپازٹ اب سالانہ بنیاد پر رول اوور کا پابند نہیں رہے گا بلکہ اسے طویل مدت کیلئے بڑھا دیا جائے گا۔

واشنگٹن ڈی سی میں ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کے لئے سعودی مالی تعاون اور حکومت کی بیرونی فنانسنگ حکمت عملی سے متعلق اہم تفصیلات شیئر کیں۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے بتایا کہ یہ مالی معاونت پاکستان کی بیرونی فنانسنگ ضروریات کیلئے نہایت اہم وقت پر فراہم کی گئی ہے، جس سے زرمبادلہ ذخائر کو مضبوط بنانے اور بیرونی کھاتوں کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف پروگرام کے تحت اپنے اہداف کے مطابق ذخائر کو تقریباً 18 ارب ڈالر تک لے جانے کیلئے پرعزم ہے، جو تقریباً 3.3 ماہ کی درآمدات کے برابر ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے گزشتہ ہفتے 1.4 ارب ڈالر کا یورو بانڈ کامیابی سے واپس کیا، جسے انہوں نے ’نان ایونٹ‘ قرار دیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت تمام بیرونی ادائیگیاں اور واجبات بروقت پورے کرے گی۔