وزیراعلیٰ سندھ کی چین کے ساتھ معاہدوں میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت

کراچی:وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چین کے ساتھ معاہدوں کو عملی جامہ پہنانے کے عزم کا اعادہ اور تمام محکموں کو رکاوٹیں دور کرکے عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین پاکستان کا نہ صرف ہمسایہ بلکہ برادرانہ ملک ہے’چین کے ساتھ تعاون سندھ کے انفراسٹرکچر کو جدیدبنانے، صنعتی صلاحیت بڑھانے اور سماجی و معاشی ترقی کے فروغ کا ایک اہم موقع ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت پاک۔چین دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔اجلاس میں آصف علی زرداری کے حالیہ دورہ چین کے دوران طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، وزیراعلی سندھ نے اس دورے کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کا نہ صرف ہمسایہ بلکہ برادرانہ ملک بھی ہے۔

وزیراعلی نے ہدایت کی کہ توانائی، لائیو سٹاک، ماحولیات، زراعت اور ایمرجنسی سروسز کے شعبوں میں تعاون کو تیز کیا جائے اور تمام منصوبوں پر بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جائے، مفاہمتی یادداشتیں صرف کاغذی کارروائی تک محدود نہیں رہنی چاہئیں بلکہ ان پر عملی پیش رفت کے لیے واضح ٹائم لائن اور جوابدہی کا نظام ہونا چاہیے۔

اجلاس میں تھر کوئلے کو گیس میں تبدیل کر کے کھاد بنانے کے بڑے صنعتی منصوبے پر بھی غور کیا گیا، جس کے تحت مقامی کوئلے سے امونیا اور یوریا کی پیداوار ممکن بنائی جائے گی، اس منصوبے کی فزیبلٹی سٹڈی مئی 2026 تک مکمل ہونے کی توقع ہے، جسے وزیراعلی نے توانائی کے تحفظ اور زرعی استحکام کے لیے اہم قرار دیا۔

علاوہ ازیں، مویشیوں کی جدید رجسٹریشن، ویکسی نیشن اور بیماریوں کی تشخیص کے نظام، سیوریج ٹریٹمنٹ، پانی کی فراہمی اور ماحولیاتی بہتری سے متعلق منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا، وزیراعلی نے مہنگے منصوبوں کے بجائے پائیدار اور کم لاگت حل کو ترجیح دینے کی ہدایت دی۔

اجلاس میں کنٹرولڈ ایگریکلچر سائنس اینڈ ایجوکیشن پارک، پلاسٹک اور ربڑ ری سائیکلنگ منصوبے اور جدید فائر فائٹنگ سسٹمز کے قیام پر بھی غور کیا گیا، جبکہ ان منصوبوں کو سپیشل اکنامک زونز میں قائم کرنے کی تجاویز زیر بحث آئیں۔