متنازع ٹوئٹ،نسیم شاہ پر2کروڑ روپے جرمانہ عاید

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈنے متنازع ٹوئٹ پر فاسٹ بولر نسیم شاہ پر2کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کردیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق نسیم شاہ پر پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔پی سی بی نے27مارچ کو ایک شوکاز نوٹس جاری کیا تھاجس میں خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے نسیم شاہ سے وضاحت طلب کی گئی تھی۔

نسیم شاہ کا جواب موصول ہونے اور اس کا جائزہ لینے کے بعد30مارچ کو تین رکنی ڈسپلنری کمیٹی نے کیس کی سماعت کی۔ نسیم شاہ کے موقف کا جائزہ لینے کے بعد کمیٹی نے فیصلہ دیا کہ غیر مشروط معافی کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی نسیم شاہ سینٹرل کنٹریکٹ کی متعدد شقوں کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں،ان پر 2 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق نسیم شاہ نے اپنے سوشل میڈیا ایڈوائزر کو پہلے ہی برطرف کر دیا ہے جب کہ پی سی بی بھی اس ایڈوائزر کو بلیک لسٹ کرے گا تاکہ وہ آئندہ پی سی بی کے دائرہ اختیار میں آنے والے کسی بھی کھلاڑی کے ساتھ کام نہ کرسکے۔

پی سی بی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ پیشہ ورانہ معیار، معاہدوں کی پاسداری اور کھیل کی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔