کراچی:حکومت سندھ نے عیدالاضحی کی تعطیلات کا نیا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔سندھ حکومت کی جانب سے جاری نئے نوٹیفکیشن کے مطابق عیدالاضحی کے موقع پر 26 مئی سے 28 مئی تک تعطیل ہوں گی۔حکومتی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 9 تا 11 ذی الحج 1447 ہجری کو عام تعطیل ہوگی، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عید پر دی جانے والی چھٹیاں 4 دن سے کم کر کے 3 دن کر دی گئی ہیں۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ بھر میں 26، 27 اور 28 مئی (منگل، بدھ اور جمعرات) کو عام تعطیلات ہوں گی۔ یہ تعطیلات تمام سرکاری، نیم سرکاری اور خودمختار اداروں پر لاگو ہوں گی۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی کونسلز اور کارپوریشنز میں بھی عیدالاضحی کی چھٹیاں ہوں گی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ 29 مئی بروز جمعہ صوبے بھر میں ورک فرام ہوم کیا جائے گا، تاہم ضروری خدمات فراہم کرنے والے ادارے اس سے مستثنی ہوں گے۔بجٹ کی تیاری میں مصروف عملہ اور متعلقہ دفاتر عید کی چھٹیوں کے دوران بھی کام جاری رکھیں گے، نوٹیفکیشن چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی منظوری سے جاری کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پہلے حکومت سندھ کی جانب سے عیدالاضحی پر 4 روز کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا تھا، یاد رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختونخوا حکومت نے عیدالاضحی کی مناسبت سے منگل تا جمعہ چار چھٹیوں کا اعلامیہ جاری کیا تھا
خیبر پخونخوا حکومت کی جانب سے عیدالاضحی کے لیے 4 چھٹیوں کااعلان کیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق صوبائی حکومت نے 26سے 29 مئی تک چھٹیوں کااعلان کیا، واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت نے عیدِ قرباں کے لیے 3 چھٹیوں کا اعلان کیا تھا۔اس حوالے سے کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق عید الاضحی پر منگل، بدھ اور جمعرات 26 سے 28 مئی تک 3 تعطیلات ہوں گی۔
علاوہ ازیں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی عیدالاضحی پر 3 روزہ تعطیلات کا اعلان کیا، جو 26 تا 28 مئی (منگل تا جمعرات) ہوں گی۔اس حوالے سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ان تاریخوں کے دوران بینک کے تمام دفاتر میں کاروباری و دفتری سرگرمیاں معطل رہیں گی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ عید الاضحی کی ان تعطیلات کے بعد بینک 29 مئی بروز جمعہ سے اپنے معمول کے مطابق دوبارہ کھل جائیں گے، جہاں صارفین اپنی بینکنگ خدمات حسب معمول حاصل کر سکیں گے۔واضح رہے کہ ملک میں عید الاضحی بدھ 27 مئی کو ہوگی جبکہ منگل 26 مئی کو یوم عرفہ کا ہوگا۔

